قومی ایئر لائن پی آئی اے کی لاہور سے ٹورنٹو جانے والی پرواز پی کے 797 میں دورانِ پرواز تکنیکی خرابی کی وجہ سے طیارے کا رخ واپس لاہور موڑ دیا گیا۔
بوئنگ 777 طیارہ پونے 5 گھنٹے کا سفر طے کر کے روس کی فضائی حدود میں تھا جب طیارے کے ہائیڈرولک نظام میں وارننگ کی نشاندہی ہوئی تو کپتان نے طیارے کا رخ واپس پاکستان موڑنے کا فیصلہ کیا۔
بوئنگ 777 طیارے نے لاہور ایئر پورٹ پر معمول کی لینڈنگ کی۔
طیارے نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ٹیک آف کے پونے 9 گھنٹے بعد واپس لاہور لینڈنگ کی۔
پاکستان میں پی آئی اے کا مکمل انجینئرنگ بیس موجود ہے جہاں پر کوالیفائیڈ انجینئرز طیارے کا معائنہ کر کے خرابی کو دور کریں گے۔
ترجمان کے مطابق پرواز کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور مسافروں کو متبادل پروازوں پر ایڈجسٹ کیا جائے گا۔