نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لاہور میں اب تک بارش کے سبب مختلف حادثات میں 6 اموات ہو چکی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یہ بات بتائی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 3 اموات کرنٹ لگنے سے ہوئیں، 2 افراد چھت گرنے سے جاں بحق ہوئے، 1 بچی بارش کے جمع پانی میں ڈوبنے سے جاں بحق ہوئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سی ایم انسپکشن ٹیم کو کرنٹ لگنے سے اموات کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سی ایم انسپکشن ٹیم پتہ کرے گی کہ یہ اموات لیسکو کی غفلت سے ہوئیں یا کوئی اور وجہ ہے، سی ایم انسپکشن ٹیم دو تین روز میں اپنی رپورٹ دے گی۔
پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاہور کے علاقوں گارڈن ٹاؤن، مسلم ٹاؤن اور دیگر آبادیوں میں پانی نہر اوور فلو ہونے سے داخل ہوا ہے۔