حالیہ زمانے میں ڈینٹل سرجری نہایت ترقّی یافتہ شکل میں ہمارے سامنے موجود ہے، تاہم اُسے یہاں تک پہنچنے میں بہت سے نشیب و فراز سے گزرنا پڑا۔ہم یہاں اس کی ابتدا سے متعلق چند دل چسپ باتیں قارئین کی نذر کر رہے ہیں، جن سے عام افراد تو ایک طرف، خود ڈینٹل سرجری سے وابستہ افراد کی ایک بڑی تعداد بھی کماحقہ واقف نہیں۔ ازمنۂ قدیم میں بحیرۂ روم اور چینی تہذیب میں دندان سازی کا ثبوت ملتا ہے، جب کہ hippocratic ، Gaknic اور قدیم عربی تحاریر میں بھی دانتوں کی صحت سے متعلق مواد دست یاب ہے۔ ان میں سب سے نمایاں نام ایک عرب فزیشن البکاس( AL-BOCCAS) کا ہے، جن سے متعلق مشہور ہے کہ اُنھوں نے اسکیلنگ سیٹ ایجاد کر کے سب سے پہلے اسکیلنگ شروع کی۔
پروفیشنل کوالی فیکیشن برائے ڈینٹل پریکٹشنرز کی ابتدا 1699ء میں فرانس کے بادشاہ لوئیس XIV کے ایک معاون نے کی، جس پر کالج آف سرجنز نے امتحان منعقد کرنے کا بھی اختیار دیا اور ایک دو سالہ کورس میں کام یاب ہونے والے امیدواروں کو’’Expert Pour les dents‘‘ کے ٹائٹل سے موسوم کیا گیا۔ تقریباً نصف صدی بعد دیگر ممالک نے بھی اس کی تقلید کی۔ بالٹی مور کالج آف ڈینٹل سرجری نے اپنے اوّلین امتحان برائے ڈاکٹر آف ڈینٹیسٹری کا انعقاد میری لینڈ ریاست کی جنرل اسمبلی کے توسّط سے مارچ1841ء میں کیا۔ملکۂ برطانیہ نے میڈیکل ایکٹ1858ء کے تحت رائل کالج آف سرجنز کو چارٹر عطا کیا کہ وہ ڈینٹیسٹری کا امتحان لے سکتا ہے۔
پورسلین (Porcelain) کے دانتوں کا dentureسب سے پہلے 1770ء میں پیرس میں مقیم ایک جرمن راہب ALEXIS DE CHATEAU نے جان توڑ کوششوں کے بعد تیار کیا۔ اُسے پورسلین کو آگ پر گرم کرنے( Contraction) کے باعث مشکلات کا سامنا تھا کہ کیسے اُسے ڈھال کر منہ میں رکھا جائے۔ ایک اور ڈینٹیسٹ M.Dubois de-chemant نے الگ سے ڈینچر بنانے کا آغاز کیا۔ de-chemant نے 1792ء میں برطانیہ میں مصنوعی دانت متعارف کروائے۔ انیستھیزیا کا سب سے پہلے استعمال Horace walls اور W.J.G.Mortonنے کیا، جنہوں نے1846ء میں نائٹرس آکسائڈ کو بطور انیستھیزیا استعمال کیا۔ ڈینٹل ڈرل کو ایک پرشین ڈینٹسٹ Pierre Fauchard نے اٹھارویں صدی میں اپنی کتاب’’ le chirurgien dentiste ‘‘میں تفصیل سے بیان کیا۔
یہ ایک دستی ڈرل تھی، جو خصوصی طور پرdecayed اور Loose دانتوں پر انگلیوں کے استعمال سے متبادل اطراف میں ٹوئسٹ کرتے ہوئے ڈیزائن کی گئی تھی۔ پاور ڈرل (ایک کلاک کی صورت میں) جارج فیلوز ہیرنگٹن نے جون 1863ء میں اپنی ذاتی فیکٹری میں تیار کی۔ الیکٹرک ڈرل ایک بیٹری تھی، جوجارج ایف گرین نے امریکی ریاست، مشی گن میں تیار کی۔ چائنیز انسائیکلو پیڈیا کے مطابق پہلا ٹوتھ برش 1498ء میں، چین میں ایجاد ہوا، جو موجودہ ٹوتھ برش سے خاصا مشابہ تھا۔ پھر پیرس میں ٹوتھ برش بنایا گیا۔ اولین نائلون ٹوتھ برش ڈاکٹر ویسٹ کی ایجاد ہے، جو امریکا میں1931ء میں مارکیٹ کیا گیا، جب کہ الیکٹرک ٹوتھ برش Squibb کمپنی نے 1961ء میں نیویارک، امریکا میں متعارف کروایا۔ (مضمون نگار، معروف ڈینٹل سرجن ہیں)