اسلام آباد (نمائندہ جنگ) راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب اور کشمیر میں بعض مقامات پر منگل کی اعلیٰ الصبح اور شام کو بھی بارش ہوئی‘ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ بلوچستان کے بعض مقامات پر سورج دن بھر آگ برساتا رہا۔ سبی میں درجہ حرارت 50‘ جیکب آباد میں 49‘ تربت اور رحیم یار خان میں 48 ڈگری سنٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز راولپنڈی میں 33‘ سیالکوٹ میں 32‘ جہلم 24‘ منڈی بہائوالدین میں 19‘ گجرات 17‘ مری‘ اسلام آباد میں 14ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی اسلام آباد سمیت لاہور‘ گوجرانوالہ‘ سرگودھا‘ ہزارہ‘ پشاور‘ مردان‘ کوہاٹ‘ مالاکنڈ‘ کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور تیز ہوائوں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔