اسلام آباد (نمائندہ جنگ) حکومت چین کی دعوت پر پاکستان کی مختلف تنظیموں سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور اسکالرز کا ایک اہم نمائندہ وفد سات روزہ سرکاری دورے پر چین جائے گا ۔ جہاں وہ چین کے مختلف شہروں بیجنگ، گوانچی اور خصوصاً مسلم اکثریتی علاقہ سنکیانگ میں عظیم تاریخی شہر کاشغر، ارومچی اور آکسو وغیرہ میں سیاسی، ثقافتی اور دینی امور پر مختلف حکومتی و سیاسی عہدیدارن اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وفد کی سربراہی اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز اور رابطہ کاری انٹرنیشنل ریسرچ کونسل کے سربراہ اسرار مدنی کریں گے جبکہ وفد میں امیر اشاعت التوحید پاکستان مولانا محمد طیب طاہری، مولانا راشد الحق حقانی، مولانا سید محمد یوسف شاہ، محمد آصف لقمان قاضی، ڈاکٹر مولانا عطاء الرحمٰن، صاحبزادہ سلطان احمد علی، مولانا فضل علی حقانی، مولانا تحمید جان ازہری شامل ہیں۔