شاہنواز دھانی کی 5 وکٹوں اور طیب طاہر کی نصف سنچری کے نتیجے میں پاکستان شاہینز نے ایمرجنگ ایشیا کپ میں ٹائٹل کے دفاع کی طرف پیش قدمی جیت کے ساتھ شروع کردی۔
جمعہ کے روز کولمبو کرکٹ کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں پاکستان شاہینز نے نیپال کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔
نیپال نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 37 اوورز میں 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان شاہینز نے 180 رنز کا ہدف 32 اعشاریہ 5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ایک موقع پر نیپال کی 8 وکٹیں 72 رنز پر گرگئی تھیں، لیکن سومپال کامی کی عمدہ بیٹنگ کے سبب وہ 179 تک پہنچنے میں کامیاب ہوسکی۔
سومپال کامی نے 101 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے۔
پراتش چیتری نے 26 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 1 چوکا شامل تھا، ان دونوں نے 9ویں وکٹ کی شراکت میں 58 رنز کا اضافہ کیا، یہ پارٹنرشپ مبصر خان نے پراتش چیتری کو آؤٹ کرکے ختم کی۔
سومپال کامی نے للت نارائن راجبانشی کے ساتھ آخری وکٹ کی شراکت میں بھی قیمتی 49 رنز کا اضافہ کیا، جس میں للت نارائن کا حصہ صرف 1 رن رہا۔
شاہنواز دھانی نے 10 اوورز کی بولنگ میں 38 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد وسیم جونیئر نے 10 اوورز میں 51 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
صائم ایوب اور حسیب اللّٰہ نے اپنی ٹیم کو 37 رنز کا اسٹارٹ دیا، حسیب اللّٰہ 12 اور صائم ایوب 3 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد عمیر بن یوسف اور طیب طاہر نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 64 رنز کا اضافہ کیا۔
عمیر بن یوسف 4 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، طیب طاہر نے 6 چوکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی، کامران غلام 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان محمد حارث 9 رنز بنا پائے۔
للت نارائن نے 50 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان شاہینز کا دوسرا میچ 17 جولائی کو متحدہ عرب امارات اے کے خلاف ہوگا جبکہ 19 جولائی کو وہ بھارت اے کے خلاف مدمقابل ہوگی۔