• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہاں انسان کو حیوان ِ ناطق یعنی بولنے والا جانور کہا جاتا ہے وہیں اس حیوان ِ ناطق کو عقلمند یہ مشورہ بھی دیتے ہیں کہ وہ بول چال میں بہت احتیاط برتے کیونکہ لفظ تیر بھی ہوتے ہیں اور پھول بھی۔ یہ نرم و نازک اور محبت بھرے ہوں تو فاتح ِ عالم ہوتے ہیں اور اگر کھردرے اور نفرت انگیز ہوں تو خود اپنے لئے وبالِ جان ۔ اسی لئے یہ بھی کہا جاتا ہے کہ یہ زبان تخت پر بھی لے جاتی ہے اور تختہ دار پر بھی ۔ بعض اوقات تو کچھ لوگوں میں سوائے میٹھی اور صلح جو زبان کے اور کوئی خوبی نہیں ہوتی لیکن یہ واحد خوبی بھی اتنی بڑی ہوتی ہے جو اُن کی ساری خامیوں کو چھپا لیتی ہے۔ اسی لئے تو علامہ اقبال نے خود اپنے بارے میں یہ کہا تھا کہ ؎

اقبال بڑا اُپدیشک ہے ، من باتوں سے موہ لیتا ہے

گفتار کا غازی تو یہ بنا ، کردار کا غازی بن نہ سکا

قدرت نے انسان کو بولنے کا فن عطا کرنے کے بعد لفظوں کے مناسب چنائو کو اس کی صوابدید پر چھوڑ دیا ہے ۔ کہاں ، کب اور کتنا بولنا ہے یہ اس کی سمجھ بوجھ پر منحصر ہوتا ہے۔ کم لفظوں میں زیادہ اظہار ایک خوبی ہے اور یہ تو بہت بڑی خوبی کہ جب انسان کو اس حقیقت کا ادراک ہو جائے کہ کہاں اسے ’’خاموشی‘‘میں بات کرنی ہے لیکن احمق لوگ زیادہ سے زیادہ اور ہر جگہ بولنے کو اپنی قابلیت قرار دیتے ہیں چاہے انہیں اس میں نقصان ہی نہ اٹھا نا پڑے۔لفظوں کے غلط استعمال کی سب سے بڑی مثال آجکل سوشل میڈیا پر نظر آتی ہے ۔ جو اب ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے گھر کے آرام دہ کمرے میں بیٹھ کر Fakeخبروں کے ذریعے سنسنی پھیلا نے اور اپنے مخالفین کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈے کو آجکل ایک ’’ آرٹ ‘‘ کی حیثیت حاصل ہو گئی ۔ اس میں ایڈیٹنگ، فوٹو شاپ اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے بنائے ہوئے جعلی مواد کے ذریعے خصوصاََ اپنے سیاسی مخالفین کی کردار کشی ایک عام رواج بن چکا ہے۔ جسکی وجہ سے معاشرے میں نفرت ، خوف اور بے یقینی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ پاکستان میں اس کا آغاز پی ٹی آئی قیادت نے کیا۔ اور سوشل میڈیا کو گندگی کا ڈھیر بنا نے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ عمران خان کو اقتدار میں لانے کے لئے پہلے ’’ عمران پروجیکٹ‘‘ کے کرتا دھرتا اسٹیبلشمنٹ کے کارندوں نے سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے اسے مسیحا اور مسڑ کلین اور اس کے سیاسی مخالفین کو چور اور ڈاکو ثابت کرنے کی کوشش کی۔ اور اس شخص کی سالوں تک اتنی تشہیر کی کہ نئی نسل کے نزدیک عمران خان کے علاوہ باقی سب چور ، اور غدار قرار پائے حتیٰ کہ عمران خان کو خود بھی یقین ہونے لگا کہ ان کی تمام تر سیاسی حماقتوں ، اور نااہلیوں کے باوجود وہ ایک کامل انسان ہیں اور باقی سارے چور اُچکے ہیں۔ اس پر مستزاد پروجیکٹ عمران کے سہولت کاروں میں شامل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اسے ’’ صادق اور امین قرار دے کر بندر کے ہاتھ میں اُسترا دے دیا۔ جس کے ذریعے اس نے اپنے سیاسی مخالفین کی حجامت بنانی شروع کردی۔ نیب کے سابق چیئرمین ریٹائرڈ جسٹس جاوید اقبال کی مبیّنہ وڈیو کے ذریعے بلیک میلنگ کرتے ہوئے اپنے سیاسی مخالفین کو طرح طرح سے تنگ کرنا شروع کردیا۔ ان پر جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے اور انہیں مہینوں تک ضمانت سے بھی محروم رکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر عمران خان کے جھوٹے امیج نے پہلے سے متکّبر ، نا اہل اور آمرانہ مزاج کے حامل غیر سیاسی شخص کو مزید اکھڑ ، متکّبر اور زبان دراز بنا دیا۔ ان کی خود اعتمادی یا خود پرستی کا یہ عالم ہو گیا کہ وہ اپوزیشن کے دیگر منتخب نمائندوں سے ہاتھ ملانے تک کا روادار نہ رہا ۔ یہ دنیا کی تاریخ کا شاید پہلاسیاستدان ہے ۔ جس نے کبھی بھی سیاستدانوں کا روّیہ نہیں اپنایا ۔ اور نہ ہی خود کو سیاستدانوں کی برادری میں شامل کیا۔ اس نے انتہائی اہم قومی امور پر بھی سیاستدانوں کے ساتھ بیٹھنے کی بجائے آرمی چیف کو آرڈر کیا کہ وہ ان سے بات چیت کرے کیونکہ بقول ان کے ان چوروں اور ڈاکوئوں سے ہاتھ ملانا ان کی توہین کے برابر تھا۔ یہ الگ بات ہے کہ اب وہ ہر کسی سے بات کرنے کے لئے تیارہیں لیکن ان کے نفرت انگیز رویّے کی وجہ سےکوئی بھی انہیں منہ لگانے کے لئے تیار نہیں ۔ یہ کتنی عجیب بات ہے کہ کسی جرم یا چوری ثابت ہونے سے پہلے ہی اسے مسلسل چور اور ڈاکو قرار دیا جائے ، وہ اور اس کے سوشل میڈیا کے ٹائیگر آج بھی اسی روش پر قائم ہیں اسی نفرت آمیز اور خود پرستی کے رویّے نے پہلے اسے سیاست دانوں کی برادری سے دور کیا اور پھر اپنے محسنوں اور قریبی دوستوں سے ۔ کیونکہ ان کی نام نہاد ایمانداری اور عقلِ کل ہونے کے جنون نے انہیں ہر محاذ پر تنہا کردیاہے۔ لیکن تھوتھا چنا ، باجے گھنا کے مصداق ان کی جھوٹ پر مبنی لا یعنی گفتگو کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔ جس کی بنیاد وہ اپنی اس نام نہاد عوامی مقبولیت کو قرار دیتا ہے جو ان کی اچھی کارکردگی کی بجائے ان کے جھوٹے پروپیگنڈے کی مرہونِ منت ہے۔ جو ان کی اصلیّت ظاہر ہونے کے ساتھ ساتھ ختم ہوتی جائے گی کیونکہ آپ زیادہ دیر تک سب کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کا سوشل میڈیا بہت کامیاب ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ سوشل میڈیا ہی عمران کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ کیونکہ نہ وہ سچ بولنے کی اہمیّت سے واقف ہیں نہ کم بولنے کی افادیت کو سمجھتےہیں اور نہ یہ جانتےہیں کہ زیادہ بولنا نقصان دہ ہوتا ہے۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین