استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کے غیر مستحکم ہونے کا تاثر نہیں دینا چاہتے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہماری پارٹی کی پہلی ترجیح پاکستان کو مستحکم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی ہماری آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل انڈر پروسس ہے، اس وقت کوئی ایسا قدم جس سے تاثر جائے حکومت غیرمستحکم ہے اچھا نہیں۔
آئی پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ علیم خان نے جب عون چوہدری کو استعفے کا کہا تو جہانگیر ترین ملک سے باہر تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین سے جب مشاورت کی تو انہوں نے کہا کہ واپس آکر فیصلہ کریں گے، عید کے دنوں میں جہانگیر ترین کی علیم خان سے ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ایک دو دن میں فیصلہ کرلیں گے، استعفے جہانگیر ترین کے پاس جمع کرائے گئے تھے۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ جہانگیر ترین کے بھائی کی وفات کے باعث سیاسی مشاورت نہیں ہوئی، وزیراعظم نے تعزیت کے لیے جہانگیر ترین کے گھر آنے کا کہا۔
آئی پی پی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے یہ تسلسل ابھی رہنا چاہیے۔