اسرائیل نے مغربی صحارا کے علاقے میں مراکش کی خودمختاری کو تسلیم کرلیا۔
مراکش کی شاہی کابینہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شاہ محمد ششم کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی طرف سے خط موصول ہوا جس میں انہوں نے اسرائیل کے فیصلے کے متعلق بتایا۔
خط میں کہا گیا کہ مغربی صحارا سے متعلق اسرائیلی حکومت کی تمام دستاویزات اور اقدامات میں مراکش کی علاقائی خودمختاری کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نیتن یاہو نے مراکش کے شاہ کو بتایا کہ اسرائیل کے فیصلے سے اقوام متحدہ، علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کو بھی آگاہ کیا جائے گا، ساتھ ہی ساتھ وہ تمام ممالک جن سے اسرائیل کے سفارتی تعلقات ہیں انہیں بھی آگاہ کیا جائے گا۔
خط میں بتایا گیا کہ اس فیصلے کے تناظر میں اسرائیل مراکش کے شہر داخلہ میں ایک قونصل خانہ کھولنے کیلئے مثبت رویے کے ساتھ جائزہ لے رہا ہے۔
امریکا نے دسمبر 2020 میں مغربی صحارا پر مراکش کی خودمختاری کو تسلیم کرلیا تھا۔
خیال رہے کہ پچھلے مہینے مراکش کا دورہ کرتے ہوئے اسرائیلی پارلیمنٹ کے اسپیکر امیر اوہانا نے اسرائیل پر زور دیا تھا کہ وہ خطے میں مراکش کی بالادستی کو قبول کریں، انہوں نے زور دیا تھا کہ تاریخی طور پر یہ علاقہ مراکش ہی کا ہے۔