برطانیہ نے آئندہ مالی سال پاکستان کی مالی امداد تین گنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (ایف سی ڈ ی او) کی سربراہ جوموئیر نے دی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ نے 25-2024 سے پاکستان کی مالی امداد سالانہ بنیادوں پر تین گنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ امداد 41.5 ملین پاؤنڈز سے بڑھا کر تقریباً 133 ملین پاؤنڈز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف سی ڈی او کی سربراہ کا کہنا ہے کہ عارضی طور پر بڑھی ہوئی امداد کابڑا حصہ مختلف شعبوں میں استعمال کیا جائے گا، آفیشل ڈیولپمنٹ اسسٹنس زیادہ تر پاکستان کی موسمیاتی تخفیف کی ضروریات پر خرچ کیا جائے گا۔
جوموئیر نے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت ایک نئی ڈیل پر اتفاق کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کو پروگرام کی مدت کے دوران قرضوں کی پائیداری حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔