الیکشن کمیشن نے نگراں وزیر خیبر پختونخوا شاہد خٹک کے جلسے سے خطاب کا نوٹس لے لیا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کو خط لکھ دیا، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ نگراں صوبائی وزیر شاہد خٹک نے نوشہرہ میں جلسہ عام سےخطاب کیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر کی رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ شاہد خٹک نے جلسے میں شرکت کی۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کے ارکان اور ان کے اہلخانہ الیکشن نہیں لڑ سکتے، نگراں حکومت عام انتخابات پر کسی طور اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کر سکتی۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقعوں کی فراہمی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، نگراں حکومت کو ہر شخص اور سیاسی جماعت کےلیے غیر جانبدار ہونا ہوتا ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے شاہد خٹک کی غیرقانونی سرگرمیوں کا سختی سےنوٹس لیا، انہیں فوری طور پر نگراں کابینہ سے ہٹا دیا جائے۔