پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان نے دورہ کابل میں افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے ملاقات کی۔
افغان وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی و سفارتی تعلقات پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں تجارت، راہداری اور عوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ افغانستان کی حکومت پاکستان سے مثبت تعلقات کے لیے پر عزم ہے، افغانستان اور پاکستان کے درمیان تجارت اور ٹرانزٹ کے تبادلے کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے درمیان نقل و حرکت آسان بنائی جائے، موجودہ مسائل کے حل کی کوشش کی جائے۔
محمد صادق خان نے افغان وزیر خارجہ کو پاکستان کے وزیر خارجہ کے تہنیتی پیغام پہنچایا، پاکستان کے نمائندہ خصوصی نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان مثبت تعلقات پر زور دیا۔
نمائندہ خصوصی برائے افغانستان نے کہا کہ افغانستان میں سیکیورٹی پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے، دورے کا مقصد دو طرفہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور ٹرانزٹ شعبوں میں تعلقات کو مضبوط کرنا ہے، ہمیں باہمی مسائل کو حل کرنا ہے۔