کراچی(اسٹاف رپورٹر) جی ڈی اے کے چیف کوآرڈینٹر اور سابق وفاقی وزیر سید صدر الدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ سپہ سالار ہی ملک کا مالک ہے وہ ملک کی بہتری چاہتے ہیں ہم ہر حال میں انکے ساتھ ہیں سب کو محب وطن بن کرملک کو درست ٹریک پرچڑھانا ہوگا مجھے نہیں لگ رہا کہ عام انتخابات رواں برس ہونگے، وزیراعظم کیلئے اصل امیدوار تو بڑا زرداری ہی ہے چھوٹا تو فقط شو پیس ہے۔ وہ ہفتے کو فنکشنل لیگ ہاؤس کلفٹن میں جی ڈی اے کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر جی ڈی اے رہنما ڈاکٹر صفدر عباسی، ڈاکٹر فہمیدا مرزا ، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، سید زین شاہ، سردار عبدالرحیم، عارف مصطفی جتوئی، سید جلال شاہ جاموٹ، نند کمار گوکلانی، معظم خان عباسی، وریام فقیر خاصخیلی، علی غلام نظامانی، ڈاکٹر رفیق بانبھن، نسیم راجپر، عبدالرزاق راہموں، ارشد شر بلوچ ، خواجہ نوید اور دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں موجود جی ڈی اے کی تمام ایم پی ایز نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے مقرر کرنے کے لیے دستخط کے ساتھ تمام اختیارات ڈاکٹر صفدر عباسی اور سردار عبدالرحیم پر مشتمل دو رکنی مذاکراتی کمیٹی کو دے دئیے، یہ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان سمیت سندھ اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرے گی۔