چین اور پاکستان کے درمیان ایم ایل ون کے فریم ورک اور شاہراہ قراقرم کی ری الائنمنٹ سمیت مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چینی نائب وزیرِ اعظم ہی لی فینگ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ اہم دستاویزات پر دستخط ہوئے ہیں جس سے معاشی تعاون میں اضافہ ہوگا،
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر 25 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی ہے، سی پیک سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔
چین کے نائب وزیرِ اعظم کو ہلال پاکستان عطاء کیا جائے گا۔
صدرِ مملکت عارف علوی چین کے نائب وزیرِ اعظم کو ہلال پاکستان عطاء کریں گے۔
چین کے نائب وزیرِ اعظم کو ہلال پاکستان دینے کی تقریب ایوان صدر میں ہو گی۔
اس سے پہلے چینی نائب وزیرِ اعظم ہی لی فینگ کی وزیرِ اعظم ہاؤس آمد کے موقع پر شہباز شریف نے چینی مہمان کا استقبال کیا اور کابینہ کے اراکین سے تعارف کرایا۔
پاک چین اقتصادی راہداری کے دس سال مکمل ہونے کی تقریبات میں شرکت کے لیے چین کے نائب وزیرِ اعظم تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔
اسلام آباد ایئر پورٹ پر وفاقی وزراء احسن اقبال اور رانا ثنااللّٰہ نے چین کے نائب وزیرِ اعظم کا استقبال کیا تھا۔