• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں مستونگ کے دو بھائی زخمی


کراچی میں مستونگ کے دو نو عمر بھائیوں کو مبینہ مقابلے میں گولیاں مار کر زخمی کردیا گیا، اہلخانہ نے گرفتار کر کے لے جانے کی ویڈیو جاری کر دی۔

کراچی کے الفلاح تھانے کی حدود میں دو نوعمر بھائیوں کو پولیس مقابلے میں زخمی کرنے کے حوالے سے سامنے آئی ایک ویڈیو نے معاملہ مشکوک بنا دیا ہے۔ 

اہل خانہ کے مطابق بلوچستان کے علاقے مستونگ سے تعلق رکھنے والے دو نو عمر بھائی نور محمد اور فہیم احمد گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے والدہ کے پاس کراچی آئے ہوئے تھے اور الفلاح کے علاقے گلشن منیر رفیع گارڈن میں رہائش پذیر تھے۔

27 جولائی کو پولیس نے مبینہ مقابلے میں نور محمد اور فہیم احمد کو رفع عام سوسائٹی میں زخمی ظاہر کیا، دونوں بھائیوں کی گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں ویڈیوز بھی جاری کی گئیں۔ 

پولیس نے ان کے خلاف پولیس مقابلے اور اسلحے کی برآمدگی کے مقدمات بھی درج کیے تاہم دونوں بھائیوں کو گرفتار کرنے کی فوٹیج اب سامنے آئی ہے۔

موبائل فون کے کیمرے سے بنائی گئی ویڈیو میں دونوں بھائیوں کو گرفتار کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں پستول اٹھائے پولیس افسر کو ملزمان کو گالیاں دیتے دیکھا سنا جا سکتا ہے، دونوں بھائیوں کو 2 پولیس اہلکار ایک موٹرسائیکل پر درمیان میں بٹھا کر روانہ ہوتے بھی دکھائی دیے، گرفتاری کے چند منٹ بعد دونوں بھائیوں کو رفع عام سوسائٹی میں مقابلے میں زخمی ظاہر کیا گیا۔ 

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہوئی ہے، ویڈیو بھی دیکھی ہے، اس سلسلے میں چھان بین کر رہے ہیں۔ 

موصول دستاویزات کے مطابق زخمی ملزم نور محمد نے سال 2022ء حرا ہائی اسکول مستونگ سے میٹرک پاس کیا تھا جبکہ ان کے چھوٹے بھائی فہیم احمد نے سال 2022 میں نویں جماعت کا امتحان دیا تھا۔ 

اس سلسلے میں والدہ اور دیگر اہل خانہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید