وزیر اعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ہمراہ شہید 5 افسران و جوان کی شہادت کی پہلی برسی پر پیغام جاری کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ہمراہ 5 افسران و جوانوں کی شہادت کو آج پورا ایک برس بیت گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جام شہادت نوش کرنے والے مادر وطن کے ان عظیم سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں تحریر کیا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ملک کو میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کا مقابلہ ہو، دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ یا قدرتی آفات، قوم نے جب جب اپنے جوانوں کو یاد کیا انہوں نے اپنا لہو قربان کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز اور ان کے ہمراہ شہید ہوئے افسران ہماری قوم کا فخر ہیں۔ قوم کبھی انکی قربانی فراموش نہیں کرے گی۔