باجوڑ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ملوث حملہ آور کی تصویر پولیس نے حاصل کر لی۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور جے یو آئی (ف) کے کنونشن میں کرسی پر بیٹھا رہا۔
حکام نے بتایا کہ کنونشن میں حملہ آور نے بارودی مواد کمر سے باندھ رکھا تھا۔
پولیس نے کہا کہ تصویر میں حملہ آور کو بارودی مواد پر ہاتھ رکھے دیکھا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے۔
اس حوالے سے انچارج سی ٹی ڈی شوکت عباس نے بھی ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ہم حملہ آوروں کے تقریباً قریب پہنچ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے خودکش حملے کی ذمے داری کالعدم تنظیم داعش نے قبول کی تھی اور اس حملے میں 55 افراد شہید اور 80 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
داعش کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر بھی جاری کی گئی تھی جس میں ایک شخص کو منہ پر رومال باندھے ہاتھ میں پستول اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے۔
امریکا اور افغانستان نے بھی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔