• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے اسٹیبلشمنٹ کا آدمی کہا جاتا ہے لیکن فرق نہیں پڑتا، وزیراعظم

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

وزیرا‏عظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ کا آدمی کہا جاتا ہے لیکن انہيں فرق نہیں پڑتا، لوگ کہتے ہیں مشرف کے بڑا قریب تھا تو اُس نے کون سا مجھے لڈو پیڑے کھلائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بارہ کہو بائی پاس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ مجھے بھی جیل میں رکھا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کئی ایسے راز ہیں جو قبر میں لے کر جاؤں گا، ملک میں وسائل کی بندر بانٹ سب کے سامنے ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک کو آگے لے کر جائيں گے۔

انہوں نے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس منصوبے کی تکمیل میں آرمی چیف کا بڑا کردار ہے، وہ اگر سپورٹ نہ کرتے تو یہ کام مکمل نہیں ہوتا، آرمی چیف نے بڑی کمٹمنٹ دکھائی ہے۔

’ذاتی مفاد کیلئے کبھی سپہ سالاروں سے نہیں ملا‘

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ طعنے دیے گئے کہ اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہوں، ذاتی مفاد کے لیے کبھی سپہ سالاروں سے ملاقاتیں نہیں کیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقصد صرف ایک تھا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ مل کر ملک کو آگے لے کر جائیں اور غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ترقی کے لیے مشاورت، اتفاق اور قومی یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں آرمی چیف کا بڑا کردار ہے، یہ منصوبہ بھی نواز شریف کا ویژن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سازش کے ذریعے حکومت ختم نہ کی جاتی تو بہت پہلے یہ منصوبہ بن جاتا۔ ملک بھر سے آنے والوں کو بارہ کہو بائی پاس سے فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ٹارگٹ 3 ماہ کا دیا تھا چیلنجز نہ آتے تو یہ ٹارگٹ مکمل ہوجاتا، 14 اگست پر بے پناہ سیاح آزاد کشمیر کی طرف جائیں گے اور بارہ کہو بائی پاس سے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں بہت سے سپہ سالاروں سے ملاقات رہی، ایک ہی مقصد ہوتا تھا کہ ملک ترقی کرے اور ادارے مل کر مشاورت کریں، دل میں ایک ہی بات سمائی ہوئی ہے کہ ہمیں غریب ملک کا خیال کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی ایسے راز ہیں جو قبر میں لے کر جاؤں گا، ملک میں وسائل کی بندر بانٹ آپ کے سامنے ہے، آج وقت ہے کہ ہم مل کر پاکستان کو آگے لے کر جائیں اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مل کر ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔

واضح رہے کہ یہ منصوبہ 10 ماہ کی مدت میں 6 ارب 25 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔

’طلبہ کے لیے 80 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے‘

دوسری جانب وزیراعظم نے ڈیجیٹل یوتھ حب کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ بجٹ میں طلبہ کے لیے 80 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوبارہ منتخب ہوئے تو نوجوانوں کے لیے مختص رقم میں اضافہ کریں گے۔

وزیراعظم نے سرینہ چوک انڈر پاس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

علاوہ ازیں وزیراعظم نے سرینہ چوک انڈر پاس کا سنگِ بنیاد بھی رکھ دیا۔

اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد چیئرمین سی ڈی اے نورالامین مینگل نے وزیراعظم کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے منصوبے کی بڈنگ کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں اور ترقیاتی منصوبوں کی سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔

قومی خبریں سے مزید