متحدہ عرب امارات میں منشیات کے کیس میں پھنس جانے والی بالی ووڈ اداکارہ کریسن پریرا بالآخر اب بھارت واپس پہنچ گئیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اداکارہ پر اس سال اپریل میں شارجہ میں منشیات کی اسمگلنگ کا الزام لگایا گیا تھا اور تفتیش کے بعد جون کے وسط میں انہیں جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق 27 سالہ کریسن پریرا کو 27 اپریل کو ضمانت دی گئی تھی اور 12 جون کو انہیں الزامات سے بری کردیا گیا تھا تاہم نام بلیک لسٹ میں ڈالے جانے کے باعث وہ متحدہ عرب امارات سے باہر نہیں نکل سکتی تھیں اور سفر کے لیے کلیئرنس کا انتظار کر رہی تھیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اداکارہ کو مبینہ طور پر 2 افراد نے آڈیشن اور ہالی ووڈ کی ویب سیریز میں کردار ادا کرنے کا جھوٹ بول کر متحدہ عرب امارات جانے کا کہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ یکم اپریل کو ممبئی ایئرپورٹ سے متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو 2 افراد نے روانگی سے قبل ایک ٹرافی دوست کو جا کر دینے کے لیے دی تھی جس میں منشیات چھپائی گئی تھی تاہم ایئرپورٹ پر چیکنگ کے بعد انہیں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اس کیس میں ملوث کچھ ملزمان کو پولیس گرفتار کر چکی ہے۔