• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

100 دنوں میں کیا کیا ہوا؟ ڈکی بھائی نے خاموشی توڑ دی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی نے 100 روز بعد خاموشی توڑ دی، گرفتاری کے بعد پیش آنے والے حالات سے مداحوں کو آگاہ کردیا۔

 ڈکی بھائی نے 100 روزہ وقفے کے بعد یوٹیوب پر واپسی کرلی، حال ہی میں جاری کی گئی ویڈیو نے شائقین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کیا، جو ان کی طویل غیرحاضری کے بعد کسی وضاحت کے منتظر تھے۔

رہائی کے بعد پہلی بار سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں ڈکی بھائی نے جوئے کی ایپس کیس میں گرفتاری کے بعد گزرے دشوار ترین دنوں کا کھل کر ذکر کیا اور کئی بار آبدیدہ ہوگئے۔

 انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ میرے لیے انتہائی کٹھن ثابت ہوئے، جس میں قانونی پیچیدگیاں، عوامی ردِعمل اور شدید تنہائی جیسے چیلنجز شامل تھے۔

ڈکی بھائی کا کہنا تھا کہ حراست میں گزارا گیا وقت میری زندگی کا سب سے مشکل مرحلہ تھا، جہاں مجھے نیند کی کمی، شدید ذہنی دباؤ اور مستقبل کے خوف نے بے حد متاثر کیا۔

 انہوں نے اعتراف کیا کہ اس دوران میری ذہنی اور جسمانی صحت بری طرح متاثر ہوئی، تاہم گھر واپسی نے مجھے نئی ہمت اور سکون عطا کیا ہے۔

ڈکی بھائی نے بتایا کہ این سی سی آئی اے نے میرا 23 روزہ ریمانڈ لیا، میں نے ان کو پہلے 23 منٹ میں سب بتادیا تھا، موبائل، لیپ ٹاپ اور تمام اکاؤنٹس کے پاسورڈ دے دیے تھے پھر بھی بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا، تعاون کے باوجود مجھ پر تشدد کیا گیا اور گالیاں دی گئیں۔

افواہوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے کئی دعوے بے بنیاد تھے، خاموش رہنے کی وجہ ایک یہ بھی تھی کہ میں قانونی کارروائی کو متاثر نہیں کرنا چاہتا تھا، اس لیے مناسب وقت کا انتظار ضروری تھا، اب جبکہ قانونی مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، تو میں نے اپنے مداحوں کو اصل صورتِ حال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈکی بھائی نے اپنے چاہنے والوں کو یقین دلایا کہ میں دوبارہ کام کا آغاز کرنے کے لیے پُرجوش ہوں، مزید لگن اور توانائی کے ساتھ نیا مواد بنانے اور آئندہ منصوبوں پر کام کرنے کے لیے بھی تیار ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید