معروف بھارتی اداکارہ و سیاستدان ہیما مالنی نے اپنے آنجہانی شوہر و اداکار دھرمیندر کی موت کے بعد ان کی پہلی سالگرہ پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔
ہیما مالنی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر دھرمیندر کے ساتھ گزرے کچھ یادگار لمحات کی تصاویر شیئر کیں۔
اُنہوں نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ’سالگرہ مبارک ہو میرے پیارے دل‘۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ دو ہفتے سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے جب آپ نے مجھے دل شکستہ چھوڑا، میں آہستہ آہستہ ٹکڑوں کو اکٹھا کرتے ہوئے اور زندگی کو از سر نو بنانے کی کوشش کرتے ہوئے، یہ جانتے ہوئے کہ آپ ہمیشہ میرے ساتھ میری روح میں رہیں گے، آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہوں۔
اُنہوں نے لکھا کہ ہماری زندگی کی خوشگوار یادیں کبھی مٹائی نہیں جا سکتیں اور ان لمحات کو صرف یاد کرنے سے ہی مجھے بہت سکون اور خوشی ملتی ہے۔
ہیما مالنی نے لکھا کہ میں خدا کا شکر ادا کرتی ہوں کہ ہمارے ایک ساتھ گزرے خوبصورت سالوں کے لیے، ہماری دو خوبصورت بیٹیوں کے لیے جو ایک دوسرے کے لیے ہماری محبت کی تصدیق کرتی ہیں اور ان تمام خوبصورت، خوشگوار یادوں کے لیے جو میرے دل میں میرے ساتھ رہیں گی۔
اُنہوں نے لکھا کہ آپ کی سالگرہ کے موقع پر خدا سے میری دعا ہے کہ وہ آپ جہاں بھی ہیں وہاں آپ کو امن اور خوشی کی دولت عطا کرے جس کے آپ اپنی عاجزی، نیک دلی اور انسانیت سے محبت کی وجہ سے مستحق ہیں۔