وفاقی وزیر سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے قیام سے سرمایہ کاری کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہونا شروع ہوچکی ہیں، عالمی سرمایہ کاروں کے پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے 2 سال کے مقاصد 30 دن میں حاصل کرلیے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوکیو میں روزنامہ جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے قیام سے قبل غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 15 سے 20 اداروں سے این و اسیز اور اجازت نامے حاصل کرنا پڑتے تھے پھر ان کو صوبائی سطع پر تو کبھی وفاقی سطع پر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
اس کے سبب ملک میں بڑی سرمایہ کاری ممکن نہیں ہو پارہی تھی جس کے بعد حکومت پاکستان نے ایس آئی ایف سی کے قیام کا فیصلہ کیا جس میں وفاقی اور صوبائی وزارتیں ، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز سمیت اہم وزراہ ، وزیر اعظم اور آرمی چیف بھی شامل ہیں۔
اس سے طاقت ور ادارہ پہلے کبھی موجود نہیں تھا یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک کی بھاری سرمایہ کاری اب آخری مراحل میں ہے اور عنقریب پاکستان میں بہت بڑی سرمایہ کاری کا اعلان ہوجائے گا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ انھوں نے اپنے دورہ جاپان میں جاپانی حکومت اور سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے ساتھ ماضی جیسا سلوک نہیں ہوگا بلکہ بہت بہتر اور تیز رفتار مراحل کے بعد ان کی سرمایہ کاری ممکن ہوسکے گی جبکہ ایس آئی ایف سی کے قیام کے بارے میں جان کر جاپانی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ نظر آیا ہے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کے ٹریلین ڈالرز کے ذخائر موجود ہیں ہماری خواہش ہے کہ ان ذخائر کے ذریعے ملک کی قسمت بدل سکیں۔
جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مقامی افراد کو معدنیات والے علاقوں میں روزگار کی صورت میں سکیورٹی میں اضافہ ہوگا مقامی لوگ ہی سرمایہ کاری کی حفاظت کریں گے اور علاقے کو محفوظ بنائیں گے۔
چوہدری سالک حسین کے مطابق پاکستان کو مشکل معاشی حالات کا سامنا ہے اس وقت بہت زیادہ ذرمبادلہ تیل و گیس کی خریداری میں خرچ ہورہا ہے جبکہ قرض کی ادائیگی اور ضروری درامدات میں بھی ذرمبادلہ استعمال ہوتا ہے۔
تاہم اس مشکل وقت میں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے بہترین طریقے سے ملک کی معیشت کو سنبھالا ہوا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس آئی ایف سی کے سیکریٹری جمیل قریشی نے کہا کہ نئی کونسل کا دفتر وزیر اعظم ہاوس میں قائم کردیا گیا ہے کوئی بھی غیر ملکی سرمایہ کار اپنے مسئلے کے حل کے لیے ہم سے رابطہ کرسکتا ہے۔ ہمارا ادارہ چوبیس گھنٹے کام میں مصروف ہے اور عنقریب ہماری ویب سائیٹ کا آغاز بھی ہورہا ہے جلد پاکستان کے لیے بہترین نتائج حاصل کرلیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے جاپان میں مقیم پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کم وقت میں سفیر پاکستان نے جاپان کی اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کرائیں جبکہ جیٹرو کے سیمینار میں 140 کاروباری اداروں سے خطاب اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے سے امید ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوسکے گا ۔