کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی(پرائیویٹ)لمیٹڈ کیلئے100ارب روپے کا مالیاتی معاہد ہ ہوگیا ،معاہدے میں 16بینکس نیشنل بینک آف پاکستان کی رہنمائی میں شریک ہیں ،اس سلسلے میں بدھ کو مقامی ہوٹل میں تقریب منعقد ہوئی ، جس میں نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر سیّد اقبال اشرف،چیئرمین واپڈاظفر محمود،رکن فنانس واپڈا انوار الحق ، چیف ایگزیکٹو آفیسر جنرل(ر) محمد زبیر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ تمام 16شریک مالیاتی اداروں کے سینئرحکام اور صدور نے شرکت فرمائی۔معاہدے کے تحت نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی نے نیشنل بینک آف پاکستان کواختیاردیا ہے جس میں وہ مینڈیٹڈ لیڈ ارینجر کے طور پر عمل کرے گا اور 100بلین روپے کے بندوبست کیلئے شرح،محفوظ اور نجی طور پر رکھے گئے صکوک کا اجراکرے گا تاکہ ڈسٹرکٹ مظفرآباد،آزاد جمّوں و کشمیر پر واقع اقتصادی اہمیت کے حامل 969MWکے ہائیڈل پاور پروجیکٹ کیلئے جزوی مالی معاونت فراہم کی جائے۔ پاکستان کے سب سے بڑے پبلک سیکٹر بینک نے پاکستان کے سب سے بڑے زیرِ تعمیرہائیڈرو پاور پروجیکٹ کیلئے تنِ تنہا 100بلین روپے کی پاکستان کی سب سے بڑی اسلامی مالیاتی ٹرانزیکشن کا اہتمام کیا ہے۔اس موقع پر ،نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر نے کہاصکوک 10سالہ مد ّت کیلئے بنائے گئے ہیں جس کی خودمختار ضمانت حکومتِ پاکستان نے لی ہے۔اس صکوک کیJCR-VIS سے بنیادی ریٹنگ’’AAA‘‘ ہے اور یہ توقع کی جارہی ہے کہ اس سے وسیع بنیادوں پر پاکستان کی مارکیٹ پراثر پڑے گاجس سے فنڈنگ فارمیٹ کے اضافے میں مدد ملے گی اورکم مد ّت کی چھوٹی ڈیلز کوبڑھانے پرمجبور کیا جائے گا۔ یہ منگلا اور تربیلا ڈیم پروجیکٹس کی تکمیل کے بعد ملک کا سب سے بڑا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ہے ۔ ا س کی تکمیل سے سالانہ 5.15 بلین یونٹس بجلی کی پیداوار ممکن ہوسکے گی، اس گرین انرجی سے واپڈا کو موجودہ ٹیرف کے مقابلے میں سالانہ 50بلین روپے کا کل ریوینیو حاصل ہوگا۔ یہ پروجیکٹ جولائی 2017ء کے اختتام تک مکمل ہوجائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واپڈا کے چیئر مین نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ کسی بھی سرکاری شعبے کے منصوبے کیلئے کسی مقامی بینک سے لیا جانے والا آج تک کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ جہلم ہائیڈرو پاورکیلئے 100 بلین روپے مالیت کے صکوک کا اجرامستقبل قریب میں ملک کے بنائے جانے والے دیگر ہائیڈرو پاور پروجیکٹس کیلئے فنڈز کا انتظام کرنے میں بھی خاطر خواہ معاون ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے کہا کہ پروجیکٹ پر تعمیراتی کام اچھی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے اوراب تک مجموعی طور پر پروجیکٹ کا 82فیصدکام مکمل ہوچکا ہےاور پروجیکٹ کا پہلا یونٹ جولائی 2017ء میں حوالے کردے اور بعد ازاں دیگر 3یونٹس بھی دسمبر2017ء کے اختتام تک مکمل کرلے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ اپنی تکمیل کے بعد یہ پروجیکٹ نیشنل گرڈ میں سالانہ 5.15بلین یونٹس سستی اور ماحول دوست بجلی کا حصّہ ملائے گا۔