کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور میں جاری فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ پہلے میچ میں اسلام آباد فائیٹرز کی ٹیم نے کراچی شارکس کو 3 کے مقابلے 6 گول سے شکست دیکر اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا۔ اپنی چوتھی کامیابی کے بعد اسلام آباد نے فائنل میں پوزیشن مستحکم کرلی ہے، اس میچ میں فاتح ٹیم کی جانب سے ارسلان قادر، رضوان سینئر نے دو دو جبکہ وسیم اکرم اور اعجاز نے ایک ایک گول کیا۔ کراچی کی جانب سے ایم آصف نے دو اور ذیشان بخار نے ایک گول سکور کیا۔ اسلام آباد کے گول کیپر امجد علی بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ دوسرے میچ میں کوئٹہ واریئرز نے فیصل آباد کو سخت مقابلے کے بعد تین دو سے شکست دیکر اپ سیٹ کر دیا۔ کوئٹہ کی جانب سے ایم رضوان نے دو اور کاشف علی نے ایک گول اسکور کیا۔ فیصل آباد کی جانب سے ابوبکر اور دلبر ایک ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔ رضوان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تیسرا میچ لاہور لائنز اور پشاور پینتھرز کے درمیان کھیلا گیا جس میں لاہور کی ٹیم نے 2 کے مقابلے 5 گول سے کامیابی اپنے نام کی۔ فاتح ٹیم کی جان بسے اظفر یعقوب، رانا سہیل، فیضان جونٹی، عماد بٹ اور عثمان ملک نے ایک ایک گول بنایا ۔ پشاور کی جانب سے فیصل رشید اور امجد خان نے ایک ایک گول کیا۔ لاہور کے گول کیپر عثمان غنی بہترین کھلاڑی قرار پائے۔