تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم نے قانون کو ہاتھ میں لینا ہے نہ ہی املاک کو نقصان پہنچانا ہے مگر حقیقی آزادی کی اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے۔
پارٹی چیئرمین کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا شاہ محمود قریشی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہمیں پرامن انداز میں آگے بڑھنا ہے، پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت ہوئی ہے، آج کور کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے، اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے عدالتی فیصلے کو عوام نے انصاف کے تقاضوں کے برعکس جانا ہے، دستور کے آرٹیکل 10 اے کے تحت فیئر ٹرائل کا بنیادی حق نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے چیئرمین تحریک انصاف کی آزادی کی جدوجہد جاری رکھنی ہے، قانونی جنگ بھی لڑنی ہے اور سیاسی جدوجہد بھی جاری رکھنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکن اور عوام احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں، آئین اس کا پورا حق دیتا ہے، کارکن اور عوام کا میسّر آئینی حق سلب نہیں کیا جاسکتا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ وکلاء سے مشاورت اور کور کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں آگے بڑھیں گے۔