• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری، پارٹی کی باگ ڈور شاہ محمود کے ہاتھوں میں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین کی گرفتاری کے بعد پارٹی کی باگ ڈور شاہ محمود قریشی کے ہاتھوں میں آگئی۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی غیر موجودگی میں شاہ محمود قریشی پارٹی امور کی سربراہی کریں گے، اسد قیصر، شہریار آفریدی، فردوس شمیم نقوی، علی محمد خان ساتھ ہوں گے۔

شاہ محمود اور کور کمیٹی ٹیم کا وکلا کے ہمراہ پہلا ٹاسک پارٹی چیئرمین کی رہائی ہوگا، ایک ہفتے قبل عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو انتخابات کی تیاری کا ٹاسک دے رکھا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 14 اگست سے انتخابات کیلئے سیاسی جدوجہد کو شاہ محمود قریشی لیڈ کریں گے، شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس بلا لیا، اعجاز چوہدری، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ پارٹی امور میں معاونت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات سے متعلق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے شاہ محمود قریشی مذاکرات کریں گے، عامر ڈوگر، قاسم سوری، مراد سعید اور عالمگیر خان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشن عدالت کی جانب سے 3 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا۔

فیملی ذرائع کے مطابق پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار کیا۔

قومی خبریں سے مزید