لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں سیکیورٹی گارڈ پر تشدد کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان سے 2 ایس ایم جی، 2 پستول، 29 میگزین اور سیکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث 3 دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی گارڈ پر تشدد کا مرکزی ملزم احمد میو ہے، احمد میو تشدد اور فائرنگ کے وقت گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزم سمیت تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر پولیس نے پروفیشنل انداز میں کورٹ آرڈر پر عملدرآمد کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے قانونی طریقے سے چئیرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کی۔