میرپور (آئی این پی) ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ چوہدری امجد اقبال نے منگلا ڈیم نہر اپر جہلم اور دریائے جہلم میں قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے نہانے اور تیراکی پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی ۔ یہ پابندی سینئر سپر نٹنڈنٹ پولیس میرپور راجہ عرفان سلیم کی طرف سے لکھے گے مکتوب کی روشنی میں عائد کی گی ۔ ایس ایس پی کے مکتوب میں تحریر کیا گیا ہے کہ موسم گرما اور بالخصوص رمضان المبارک میں مقامی اور بیران شہرسے آنے والے اکثر مرد زن منگلا ڈیم ، نہر اپر جہلم اور دریائے جہلم میں نہاتے ہیں جو پانی کی بے موج لہروں سے ناواقف ہوتے ہیں جس کے باعث نہر اپر جہلم میں ڈوبنے کے واقعات پیش آرہے ہیں ان واقعات کے سد باب کے لیے نہر اپر جہلم ، منگلا ڈیم ، دریائے جہلم میں تیراکی کے حوالے سے پابندی لگائی جانی چاہیے ۔ جس پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میرپور نے فوری طور پر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگا دی ہے اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پینل کوڈ کاروائی عمل میں لائی جائے گی یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہو گی اور اس کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔