گریڈ ٹو چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کو لیجنڈری بلے باز لٹل ماسٹر حنیف محمد مرحوم کے نام سے منسوب کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عظیم کرکٹر حنیف محمد کی خدمات کے اعتراف کے طور پر گریڈ ٹو چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب یہ ٹورنامنٹ حنیف محمد ٹرافی کہلائے گا۔
سیزن 24- 2023ء میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں 10 ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے لیجنڈز کی کھیل کے لیے شاندار خدمات کا احترام کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ ان عظیم کرکٹرز کی کاوشوں کو یاد رکھا جائے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دراصل ان حقیقی کرکٹ لیجنڈ کو خراج عقیدت ہے جنہوں نے اپنے وقار، انہماک اور کھیل کے لیے اپنی خدمات کے ذریعے دنیا بھر میں عموماً اور خصوصاً پاکستان میں کرکٹ سے پیار کرنے والوں کے دلوں میں انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ ہم اپنے عظیم کھلاڑیوں کو یاد رکھیں اور ایسے اقدامات کرتے رہیں کہ ان کی یاد زندہ رہے۔
شعیب محمد پی سی بی کے شکرگزار
حنیف محمد کے صاحبزادے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کا اس موقع پر کہنا ہے کہ وہ اور ان کا خاندان ذکا اشرف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ان کے والد کی خدمات کو اعزاز بخشا۔
انکا کہنا تھا کہ یقیناً یہ بات بہت خوشی کی ہے کہ کرکٹ بورڈ ان کرکٹرز کی قربانیوں اور سخت محنت کو یاد رکھے ہوئے ہے جنہوں نے پاکستان کرکٹ کے ابتدائی ایام میں اسے دنیا کے نقشے پر متعارف کروایا۔
شعیب محمد نے امید ظاہر کی کہ ہمارے نوجوان ڈومیسٹک کرکٹرز حنیف محمد کے کیریئر سے حوصلہ پائیں گے اور پاکستان کی خدمت کرنے کے قابل ہوں گے۔
لٹل ماسٹر حنیف محمد کے کیریئر پر ایک نظر
یاد رہے کہ لٹل ماسٹر حنیف محمد پاکستان کرکٹ کے ابتدائی برسوں میں بیٹنگ کی بہترین مثال تھے۔ انہوں نے 55 ٹیسٹ میچوں میں بارہ سنچریوں اور پندرہ نصف سنچریوں کی مدد سے 43.98 کی اوسط سے 3915 رنز بنائے تھے۔
حنیف محمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 1958 کی سیریز کے برج ٹاؤن ٹیسٹ میں 970 منٹ کی بیٹنگ میں 337 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی تھی جو اب بھی ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔
حنیف محمد نے 11 ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بھی کی وہ 1969 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔
حنیف محمد نے 238 فرسٹ کلاس میچوں میں 55 سنچریوں اور 66 نصف سنچریوں کی مدد سے 52.32 کی اوسط سے 17059 رنز بنائے تھے جس میں 499 رنز کی تاریخی اننگز بھی شامل ہے جو اب بھی کسی پاکستانی کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔
اس ریکارڈ کو ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے ناٹ آؤٹ 501 رنز بنا کر توڑا تھا۔
حفیف محمد ٹرافی
واضح رہے کہ حنیف محمد ٹرافی ریجنل ٹیموں کے لیے قائداعظم ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کا ٹورنامنٹ ہوگی۔
جو بھی ٹیم حنیف محمد ٹرافی جیتے گی وہ ترقی پاکر قائداعظم ٹرافی میں جگہ بنائے گی اور جو ٹیم فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں آخری نمبر پر آئے گی وہ ریلیگیٹ ہو کر گریڈ ٹو ایونٹ میں چلی جائے گی۔