کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کمیٹی نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے اپیل کی ہے کہ وہ یونیورسٹی کےریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کو پنشن اور ملازمت کے بقایاجات کی عدم ادائیگی کا نوٹس لیں اور مالی اور انتظامی بحران کا آڈٹ کروائیں۔ یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹر توصیف احمد خان کی زیرصدارت گلشن اقبال کیمپس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں منظور کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ موجودہ قائم مقام انتظامیہ نے رواں ماہ کی پنشن تاحال جاری نہیں کی جبکہ گذشتہ ماہ بھی پنشن اقساط میں ادا کی گئی تھی۔