پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے مغربی ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی تصدیق کردی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ان کی امریکی سفیر سمیت مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقات ہوئی۔ لیکن اس ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی یا سائفر سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جگہ کوئی نہیں لے رہا۔ کور کمیٹی مشکل حالات میں کام کررہی ہے۔ جب تک چیئرمین تحریک انصاف رہا نہیں ہوتے، کور کمیٹی امانت میں خیانت نہیں کرے گی، کور کمیٹی مشکل حالات میں کام کر رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابات میں تاخیری حربے اختیار کرنے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، تحریک انصاف مردم شماری سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے فیصلوں کو چیلنج کرے گی۔ سینیٹر علی ظفر 90 دن میں انتخابات کے لیے درخواست سپریم کورٹ میں جمع کروائیں گے۔ سلمان اکرم راجہ سی سی آئی کے فیصلوں کو چیلنج کرنے سپریم کورٹ جائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ عثمان ڈار کی فیکٹری سیل کیے جانے سے ڈھائی ہزار خاندان بے روزگار ہوگئے ہیں، عثمان ڈار کی والدہ اور بہنوں کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اس کا کوئی جواز نہیں، رات دو بجے بچیوں کو سڑک پر لاکھڑا کرنا کون سی روایات ہیں، محسن لغاری کے بچے کو اٹھا لیا گیا اس پر تشدد ہوا۔