مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ صدر مملکت نے وہی کیا، جس کی اُن سے توقع کی جارہی تھی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے وہی کیا، جس کی اُن سے توقع تھی، جب نوٹیفکیشن ہوگیا تو انہوں نے پارٹی خواہش پوری کردی۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ قانون و قاعدے میں خاموشی کو ہاں تصور کیا جاتا ہے، صدر مملکت دونوں طرف کھیلنا چاہتے ہیں، سب کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بی کلاس کی سہولت حاصل ہے، انہیں اس سے محروم نہیں رکھنا چاہیے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ 2018ء میں ساری چیزیں معمول پر تھیں، کیا تکلیف تھی کہ میاں نواز شریف کو ہٹایا گیا، قید میں بھیجا گیا، جنہوں نے تجربہ کیا، اُس کی قیمت قوم ادا کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے امریکی مداخلت کا کہا جاتا تھا، اب یہ امریکا کو مداخلت کرنے کا کہہ رہے ہیں، ہمارے ساتھ ہوا تھا تو ہمیں بھی ایسا ہی کرنا ہے، میں اس پر یقین نہیں رکھتا۔
ن لیگی سینئر رہنما نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جو سلوک ہمارے ساتھ ہوا وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف ستمبر میں واپس آجائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ الیکشن 2 ماہ تاخیر سے کرنے میں کوئی دھاندلی ہوجائے گی، نئی حلقہ بندیوں سے امیدواروں کےلیے مشکلات ہوں گی۔