• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرلفٹ میں بچوں کو دیکھ کر بار بار اپنے بیٹے نورالحق کا چہرہ سامنے آتا رہا، نگراں وزیراعظم

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ واقعے سے متعلق کچھ امیدیں اور خدشات بھی تھے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ واقعے سے متعلق کچھ امیدیں اور خدشات بھی تھے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ چیئرلفٹ میں بچوں کو دیکھ کر بار بار اپنے بیٹے نورالحق کا چہرہ سامنے آتا رہا، چیئرلفٹ پھنسنے کی خبر سے پاکستان کے کروڑوں لوگ پریشان تھے۔

بٹگرام میں کامیاب چیئرلفٹ آپریشن میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں وزیراعظم آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے آپریشن میں حصہ لینے والوں کو اعزازی اسناد پیش کیں، کئی گھنٹے چیئرلفٹ میں پھنسے رہنے والے افراد بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

 نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ریسکیو آپریشن میں کوئی کوتاہی ہوجاتی تو بہت بڑا نقصان ہوتا، ملک کا مستقبل بچے ہیں، ہم نے ان بچوں کو بچا کر ملک کے مستقبل کو بچایا، پاکستان اور دنیا بھر میں لوگ اس واقعے پر بے چینی کی کیفیت میں تھے، یہ بچے بھی ہمارے ہیرو ہیں جنہوں نے اس واقعے کا سامنا کیا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ واقعے سے متعلق کچھ امیدیں اور خدشات بھی تھے، ریسکیو آپریشن کی کامیابی میں ہر پاکستانی کو کریڈٹ جاتا ہےجنہوں نے دعائیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو تحفظ اور روزگار دینا ریاست کی ذمے داری ہے، کوئی قوت ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتی، گھر کا انتظام باصلاحیت اور با اختیار لوگوں کے پاس ہے، یہ ہمارا گھر ہے ہم کہیں نہیں جا رہے، جو سمجھتے ہیں ہمارے طرز زندگی کو بدل دیں گے وہ غلط فہمی میں ہیں۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ  وزیرستان میں گزشتہ روز اہلکار شہید ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ 22 اگست کو بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد کو کئی گھنٹے ریسکیو آپریشن کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید