• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران: حکومت گرانے کی سازش، عدالت کا امریکا کو 33 کروڑ ڈالر ادا کرنے کا حکم

ایران کی عدالت نے امریکا کو 1980 میں حکومت کا تختہ الٹنے کے الزام میں 33 کروڑ ڈالر ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

1979 میں رضا شاہ پہلوی کی حکومت کے خاتمے کے بعد ایران میں نئی حکومت قائم ہوئی تھی۔

عدالت کا کہنا ہے کہ 1980 میں امریکا نے نئی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی۔

ایران کی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فضائیہ کے سابق کمانڈر عید مہدیون نے نئی حکومت گرانے کی سازش کی۔

حکومت الٹنے کی کارروائیوں میں ملوث شہریوں اور سرکاری فورسز کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک اور سیکڑوں گرفتار ہوئے۔

دھڑن تختے کے منصوبے میں فوجی اڈوں، اسٹریٹجک مراکز اور انقلابِ ایران کی شخصیات کی رہائش گاہوں پر کنٹرول کرنا شامل تھا۔

1980 میں حکومت کے خلاف کارروائیوں کے دوران مرنے والے افراد کے لواحقین نے پچھلے سال عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ امریکا نے اس سازش کی منصوبہ بندی کی اور حکومت گرانے کی کوشش کی۔

عدالت نے درخواست گزاروں کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے امریکی حکومت کو حکم دیا کہ 3 کروڑ ڈالر لواحقین اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ادا کیے جائیں۔

عدالت نے حکم نامے میں مزید کہا کہ امریکی حکومت ایران میں مداخلت کرنے پر بطور سزا 30 کروڑ ڈالر بھی ادا کرے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید