اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک نے 16 متاثرین سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر لاکھوں روپے ہتھیائے۔
ملزم نے شہریوں سے بحرین میں ملازمت دلوانے کے نام پر 85 لاکھ روپے وصول کیے اور متاثرین کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ دوسرا ملزم اشتہاری تھا، 4 سال سے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ راولپنڈی کو مطلوب تھا۔
ملزم شہری سے جاپان بھجوانے کیلئے 10 لاکھ روپے لے کر روپوش ہوگیا تھا۔