لاہور( این این آئی)سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریاست کو بچایا نہیں بلکہ ڈبویا گیا ہے کیونکہ عوام کا نام ہی ریاست ہے ،عوام سیاست کے لئے نہیں اپنی بقا ء کے لئے سڑکوں پر آئے ہیں،جو آئی ایم ایف کی ڈیل پر مٹھائیاں بانٹتے تھے اب لندن میں پناہ لئے بیٹھے ہیں۔اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ بجلی کا دگنا بل معاشی خودکشی ہونا ہے، اگلے مہینے دیکھیں پٹرول اور بجلی کیا رنگ دکھاتی ہے، وہ وقت آگیا ہے کہ ہمیں معاشی غلامی کی بیڑیاں توڑنی پڑیں گی‘ملک اور غریب کو تباہی کی جانب ڈال کر اسحاق ڈار بھی لندن پہنچ گئے ہیں‘یہ سارے رشتے دار اپنی اصل پناہ گاہ پر پہنچ گئے ہیں لیکن وہاں بھی گھر سے باہر نکلنے کی پوزیشن میں نہیں، پیپلز پارٹی بھی 90 دن کے الیکشن پر آ گئی ہے۔