پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آرٹیکل 224 میں دی گئی مدت کے مطابق الیکشن کی تاریخ دے۔
پیپلز پارٹی کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کے بعد میں میڈیا بریفنگ دی۔ اس موقع پر نیئر بخاری کے ہمراہ نوید قمر، مراد علی شاہ اور شیری رحمان بھی موجود تھیں۔
پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر سے کہا ہے کہ آئین بالاتر ہے دیگر قوانین آئین کے ماتحت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین وقت متعین کرتا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر انتخابات ہونےچاہئیں، الیکشن کی تاریخ دینا بہت ضروری ہے۔
نیئر بخاری نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنا مقدمہ الیکشن کمیشن کے سامنے رکھ دیا ہے، انہوں نے ہمارا موقف سننے کے بعد کہا کہ میٹنگ کرکے بتائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کنفیوز کیوں ہے یہ آپ ان سے پوچھیں، سی ای سی کی لاہور میں ہونے والی میٹنگ میں لائحہ عمل طے کریں گے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے کہا کہ دوران ملاقات الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں میں اتنا وقت درکار نہیں جتنا کہا گیا ہے۔
پی پی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سی سی آئی میں 6 افراد موجود تھے، میں اور نوید قمر سی سی آئی کے ممبرز تھے، جس میں مردم شماری کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جب سیٹس تبدیل ہوتی ہے تو اس کے لیے آئینی ترمیم کرنا ہوتی ہے۔