ترجمان پاکستان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ بھارت سمیت دنیا میں اسلاموفوبیا تشویشناک صورتحال اختیار کر رہا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی پر شدید تشویش ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بھارت کےایک اسکول میں استاد نے ہندو بچوں سے مسلمان بچے کو تھپڑ لگوائے، بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تشدد کو ہرسطح پر ہوا دی جارہی ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ آج بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی شہید کی دوسری برسی ہے، اُنہیں کئی سال کئی سال نظر بند رکھا گیا، وفات پر بھی فوجی حصارمیں سپرد خاک کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی شہید کی جرأت اور بہادری کشمیری نوجوانوں کےلیے مشعل راہ ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی شہید کشمیر اور پاکستان کے لیے انتہائی محبت رکھتے تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل یا قراردادوں سے ہٹ کر کوئی بھی اقدام ناقابل قبول ہے، پاکستان کی پوزیشن واضح ہے، جموں وکشمیر عالمی سطح پرتسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، بھارت 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ اقدامات واپس لے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ پاکستان جی20 کا رکن نہیں، ابھی تمام نکات کا جائزہ لے رہے ہیں، اس لیے فی الحال اس پر بات کرنا مناسب نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ بھارت بارہا مقبوضہ جموں وکشمیرمیں حالات اچھے ہیں کا راگ الاپتا رہتا ہے لیکن یورپین یونین کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر خدشات درست ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ یورپین یونین اور یورپین کونسل کا بھارت سے معاملہ اٹھانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، پاکستان کسی ایسے عدالتی فیصلے کو تسلیم نہیں کرے گا جس سے کشمیر پر بھارتی قبضہ طول پکڑے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی امنگوں، سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔
اُنہوں نے افغانستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان پرحملے کے مرتکب عناصر کےخلاف کاروائی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ افغان سرزمین کسی صورت پاکستان کےخلاف استعمال نہ ہو۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ افغان طالبان دوطرفہ، سہہ فریقی اور بین الاقوامی سطح پر کیے وعدوں پر عملدرآمد کریں۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ یوکرین کو اسلحہ کی فراہمی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین تنازعہ میں پاکستان مکمل طور پر غیر جانبدار ہے اور اس معاملے کو دونوں ممالک کے درمیان پُرامن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا حامی ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کے بارے میں گردش کرنے والی خبروں کی بھی تردید کی۔
اُنہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ نے سعودی عرب سے کسی بھی اعلیٰ سطح کے دورے کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ 4 سے 6 ستمبر تک کینیا کا دورہ کریں گے اور وہاں افریقی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس موقع پر انوار الحق کاکڑ کے ہمراہ نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی بھی ہوں گے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ نگراں وزیراعظم کانفرنس کے موقع پر افریقی ممالک کی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اُنہوں نے بتایا کہ نگراں وزیراعظم کے دورہ کینیا میں صحافی ارشد شریف شہید کا معاملہ بھی اٹھایا جائےگا۔