• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے ٹو مہم جوئی کے دوران پورٹر حسن کی موت کی انکوائری مکمل


دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کی مہم جوئی کے دوران پورٹر محمد حسن کی موت کی انکوائری مکمل ہوگئی۔ رپورٹ میں نارویجن خاتون کوہ پیما کا ذکر تک نہیں ہے۔

کے ٹو پر مہم جوئی کے دوران پورٹر محمد حسن جب بوٹل نک کی بلندی پر آخری سانسیں لے رہے تھے تب کئی کوہ پیما ان کے دم توڑتے جسم کے اوپر سے گزر کر پہاڑ سر کرنے گئے۔ ویڈیو وائرل ہونے پر واقعے کی تحقیقات شروع کی گئی۔

ضلع شگر کے نواحی گاؤں تسر سے تعلق رکھنے والے پورٹر محمد حسن دنیا کی دوسری بلند چوٹی کی مہم جوئی کے دوران حادثے میں جاں بحق ہوئے۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے رپورٹ صوبائی حکومت کو بھیج دی، رپورٹ میں نارویجن خاتون کوہ پیما کا ذکر تک نہیں، خاتون کوہ پیما پر مرتے ہوئے پورٹر کی مدد کی بجائے سمٹ پر جانے کا الزام تھا۔

رپورٹ کے مطابق شدید سردی میں دیر تک لٹکے رہنا، ناکافی وردی اور برفانی طوفان پورٹر کی موت کا سبب بنی۔ غیر ملکی کوہ پیما مسٹر گیبریل ٹارسو نے پورٹر محمد حسن کو بچانے کی پوری کوشش کی۔

رپورٹ میں گیبریل ٹارسو کو تعریفی سند دینے کی سفارش کی گئی، کوہ پیمائی کے قواعد و ضوابط میں ترمیم اور جاں بحق پورٹر کا نام انشورنس لسٹ میں شامل نہ کرنے پر ٹور آپریٹر پر پابندی عائد کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔

27 جولائی کو پورٹر محمد حسن کے ٹو مہم جوئی کے دوران بوٹل نیک پر جاں بحق ہوگئے تھے۔ 

واضح رہے کہ محمد حسن کو زخمی حالت میں پہاڑ سے لٹکتا چھوڑ کر آگے بڑھنے والے کوہ پیماؤں کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واقعے کی ڈرون فوٹیج میں دیکھا گیا کہ صرف ایک شخص نے محمد حسن کو بچانے کی کوشش کی تھی لیکن دنیا کی تیز ترین کوہ پیما کرسٹین سمیت سب اُسے چھوڑ کر آگے بڑھ گئے تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید