چین میں پاک چین شاہین 10 مشترکہ فضائی مشقوں کا آغاز ہوگیا، پاک فضائیہ کے جے-10سی اور جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیارے حصہ لیں گے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق شاہین 10 مشترکہ فضائی مشقیں چین کے شمال مغربی شہروں جیوکوان اور ینچوان میں منعقد کی جارہی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شاہین 10 مشقوں میں معاون ایئر اور گراؤنڈ عملہ بھی صلاحیتوں کےجوہر دکھائے گا۔
پاکستان اور چین متبادل بنیادوں پر سالانہ شاہین فضائی مشقوں کی میزبانی کرتے ہیں۔
شاہین مشقیں فضائی عسکری طریقہ کار، پاک چین آپریشنل تیاریوں کو فروغ دیں گی، فضائی مشق میں ہائبرڈ وارفیئر، سائبر اسپیس اور کمپیوٹنگ جیسی خصوصیات شامل ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ مشقوں سے مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے فضائی سرحدوں کا تحفظ مستحکم ہوگا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ فضائی مشقوں سے پاکستان اور چین کے ماہر ہوابازوں کی عسکری تربیت میں بہتری ممکن ہوگی۔