کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ صرف جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ اہل کراچی کا مقدمہ لڑا ہے، کسی بھی وفاقی و صوبائی حکومت اور حکمران پارٹی نے کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا، پیپلز پارٹی 15سال سندھ میں حکومت کر تی رہی، نواز لیگ اور پی ٹی آئی کی بھی حکومت رہی اور ایم کیو ایم نے بھی ہر حکومت کے ساتھ اقتدار اور وزارتوں میں حصہ لیا، اپنی بولی لگائی اور کراچی کے مینڈیٹ کا سودا کیا، کراچی کے عوام بجلی، پانی، صحت، تعلیم، صفائی، ستھرائی، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کی خستہ حالی سمیت امن و امان کے مسائل سے دوچار ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد قباء فیڈرل بی ایریا میں جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجتماع میں استصواب رائے کے بعد نئے سیشن کے لئے علاقہ جات کے ناظمین کا تقرر کیا گیاجس میں عرفان شاہ علاقہ گلبرگ،اعظم محی الدین علاقہ دستگیر،محمد عابدعلاقہ سمن آباد،ناصر جعفری علاقہ عزیز آباد، مسعود علی علاقہ لیاقت آباد، شہاب الدین علاقہ لیاقت آباد ڈاکخانہ اور فیصل قاری علاقہ نیو کراچی الاخوان شامل ہیں۔