• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: بجلی کا طویل بریک ڈائون، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

سکھر(بیور ورپورٹ) سیپکو کی جانب سے دوپہر کے وقت گنجان آبادی والے علاقوں میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن کیا گیا ،صبح10بجے اسٹیشن روڈ فیڈر بند ہونے سے شہر کی بیشتر گنجان آبادی اور کاروباری مراکز جن میں اسٹیشن روڈ، مینارہ روڈ، ایوب گیٹ ، لوکل بورڈ، پریس کلب روڈ سمیت دیگر علاقوں میں شام 5بجے تک بجلی بند رہی، 7گھنٹے مسلسل بریک ڈائون نے لوگوں کو سخت مشکلات سے دوچار کیا، کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ گھروں میں موجود خواتین، بچے ، ضعیف العمر افراد گرمی سے نڈھال ہوگئے، متعدد ضعیف العمر مرد وخواتین کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں، رمضان المبارک میں سکھر شہر سمیت گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، وفاقی حکومت ، وزارت پانی وبجلی کی جانب سے واضح طور پر یہ اعلانات کئے گئے تھے کہ سحر، افطار اور تراویح میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جبکہ صارفین بجلی کو رمضان المبارک میں ریلیف فراہم کی جائے گی لیکن سیپکو افسران نے وزارت پانی وبجلی کے احکامات کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے سکھر شہر اور گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ، دن کے وقت فیڈر میں خرابی ، بجلی کی تار گرجانے سمیت دیگر مرمتی جواز بنا کر 6سے8گھنٹے مسلسل بجلی بند کی جاتی ہے جس سے شدید گرمی میں روزہ داروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ 
تازہ ترین