• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن کو دیر سے سمجھ آتا ہے صحیح فیصلہ کیا تھا، غلط کیا ہے: فیصل کریم کنڈی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو دیر سے سمجھ آتا ہے کہ صحیح فیصلہ کیا تھا اور غلط کیا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے پیپلز پارٹی کے حوالے سے دیے گئے بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار انہوں نے جاری کیے گئے بیان میں کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا ہے کہ لگتا ہے پیپلز پارٹی پر مولانا فضل الرحمٰن کا بیان ان کا نظریۂ ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی پہلے بھی انتخابات کے لیے تیار تھی اور آج بھی تیار ہے، پاکستان پیپلز پارٹی مئی میں بھی انتخابات کے لیے تیار تھی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنے نامزد امیدواروں کو ٹکٹ بھی دے چکی تھی اور جن کے پاس امیدوار نہیں تھے وہ انتخابات سے بھاگ رہے تھے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اسمبلیوں سے استعفے کی مولانا فضل الرحمٰن کی بات مانی جاتی تو عمران نیازی مضبوط ہوتے۔

پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی خوشی ہو گی کہ سیاسی جماعتیں آئین کے تحت 90 دن میں انتخابات کا مطالبہ کریں۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وعدے سے نہ پھرتی تو اس وقت الیکشن ہو جاتے تاہم عام انتخابات اب اگلے برس فروری کے آخر تک ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید