• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پولیس کو دیکھ کر فرار ملزم سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ہلاک

کراچی میں حب ریور روڈ نیول کالونی گیٹ کے سامنے سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کیماڑی عارف اسلم راؤ کے مطابق واقعہ جمعہ کی شام پونے 5 بجے پیش آیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہلاک شخص حنیف مادا ولد چاند مادا چیک باؤنس کے مقدمہ میں پولیس کو مطلوب تھا۔

عارف اسلم راؤ کے مطابق مذکورہ بالا شخص نیول کالونی پہنچا تو وہاں موجود تھانہ سعیدآباد انویسٹی گیشن پولیس پارٹی کو دیکھ کر نیول کالونی گیٹ سے باہر کی طرف بھاگ کر فرار ہوا۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق موقع پر موجود لوگوں نے حنیف مادا کو بھاگتا دیکھ کر چور چور کی آوازیں لگائیں، جسں پر گیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ نے اس پر فائرنگ کردی۔

عارف اسلم راؤ کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر حنیف مادا اور ایک راہگیر خاتون ہلاک ہوگئے۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق فائرنگ کرنے والے سیکیورٹی گارڈ عاقب ولد حیدر زمان کو گرفتار کرکے فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول معہ زندہ و چلیدہ راؤنڈ برآمد کرلئے گئے۔

پولیس نے سیکیورٹی کے  3 ساتھی سیکیورٹی گارڈز کو بھی تفتیش کے لئے تحویل میں لیا ہے، معاملے کی تمام زاویوں سے جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید