ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے کے بعد ہر کوئی سستی بجلی کے حصول کی کوشش کررہا ہے۔ دنیا بھر میں انرجی سیورز اور بجلی کی بچت کرنے والے آلات استعمال کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ ایسے میں گھروں میں سولر لائٹس کا استعمال ایک اچھا انتخاب ہے۔ ملک بھر میں توانائی کے متبادل ذرائع کااستعمال بڑھ رہا ہے، ان متبادل توانائی کے ذرائع میں سولر انرجی کا ذریعہ ماحول دوست اورطویل المدت ہونے کی وجہ سے عوام میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ سولر لائٹس میں سولر سیل استعمال ہوتے ہیں، جو سورج کی روشنی کوبرقی رو میں تبدیل کردیتے ہیں۔
دنیا کا پہلا فوٹو وولٹائک سیل (Photovoltaic Cell) فرانسیسی سائنسدان ایڈمنڈ بیکوریل (Edmond Becquerel)نے1839ء میں تیار کیا تھا، جس میں سورج کی روشنی کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت تھی۔ ایڈمنڈ نے اپنےدوست آگسٹن موشے کے ساتھ مل کر 1860ء میں شمسی توانائی سے چلنے والا جنریٹر تخلیق کیا، جو کم واٹ کے بلب روشن کرنے کے قابل تھا، جس کے بعد اس ٹیکنالوجی میں مزید پیش رفت ہوئی اور آج شمسی توانائی سے بڑے بڑے کام لیے جارہے ہیں۔
شمسی توانائی سے روشن ہونے والی سولر لائٹس 20سال تک کام کرسکتی ہیں اور ان کی منٹیننس بھی نہ ہونے کے برابر ہے، بس آپ کو 5سے7سال میں اس کی بیٹری تبدیل کرنے کی ضرورت پڑے گی۔ آپ مکان کی تعمیرکے دوران اپنے گھر کو سولر لائٹس سے مزین کرنے کا سوچیں۔ اس کے علاوہ موجودہ گھر میں بھی سولر لائٹس کا استعمال کرتے ہوئے آرائش کو ایک نیا انداز دیا جاسکتا ہے۔
راہداری میں روشنی
گھر کے اندر راستوں میں روشنی کرنے والی پاتھ لائٹس کہلاتی ہیں۔ ان چھوٹی سولر لائٹس کو آپ گھر کےمختلف حصوں میں لگا سکتے ہیں۔ ان کا زاویہ ایسا ہو کہ سورج کی روشنی ان پر براہ راست پڑتی رہے۔ یہ باہر کی دیواروں، صحن، پول وغیرہ پر لگائی جاسکتی ہیں۔
پتھر کے اندر
بہت سے لوگ سولر لائٹ کو پتھر کے اندر پیوست کردیتے ہیں، تاکہ وہ ایک آرائشی ٹکڑا نظر آئے۔ اگر اس کو ایسے ہی لٹکا دیا جائے گا تو اس سے آپ کے صحن یا باغیچے کی خوبصورتی متاثر ہوسکتی ہے۔ لہٰذا آپ انہیں لینڈ اسکیپنگ میں یا باغیچے میں لگے فوارے کے اوپر لگا سکتے ہیں۔
آرائش کے لیے
سولر لائٹس رات کے اوقات میں آپ کے صحن یا باغیچے کے اندھیرے کو دور کرتے ہوئے گھر میں نیا سماں پید اکرتی ہیں۔ اس طرح کی سولر لائٹس کی کئی اقسام ہیں، جنہیں آپ اپنے گھر کےحساب سے یا اپنی دلچسپی کے مطابق منتخب کرسکتے ہیں۔ ان کے انتخاب کے دوران یہ بھی دھیان میں رکھیں کہ آپ کو ان کی متبادل لائٹس بھی لگانی ہیں کیونکہ یہ کبھی مدھم اور کبھی تیز روشنی دیتی ہیں۔ تیز روشنی تو بھلی لگتی ہے،لیکن سورج کی روشنی نہ ہونے کے باعث یہ بالکل مدھم ہوجاتی ہیں، جس سے اندھیرا سا لگتا ہے۔
زمین پر سولر لائٹس
گھر میں موجود باغیچہ یا راستے کے کناروں پر لگی سولر لائٹس بالکل ایسا ہی نظارہ دیتی ہیں جیسے رن وے پر لائٹس آن ہوتی ہیں۔ اگر ان کا رُخ آسمان کی طرف ہو تو پاتھ لائٹس کی ضرورت نہیں رہتی۔ آپ انہیں 90درجے کے زاویے پر بھی لگا سکتے ہیں۔ یہ آپ پر منحصر ہے کہ ان کا رُخ کس سمت کرتے ہیں۔
دیوار پر ایستادہ
دیواروں پر لیمپ کی طرح ایستادہ سولر لائٹس بہت مقبول ہیں۔ یہ آپ کے گھر کی چار دیواری کو نہ صرف اچھوتا انداز بخشتی ہیں بلکہ حفاظتی نقطہ نگاہ سے بھی اہم ہیں۔ جب سورج ڈوب رہا ہوتاہے اور ان کی روشنی بڑھنا شروع ہوجاتی ہے تو وہ بہت اچھا نظارہ ہوتا ہے۔ ان کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ دیکھنے میں یہ روایتی لائٹس نظر آتی ہیں مگر ماحول دوست ہونے کے ساتھ توانائی کی بھی بچت کرتی ہیں۔
گھرکی نیم پلیٹ
رات میں گھر کے مین گیٹ پر چمکتی ہوئی تختی سے آپ کے گھر کا پتہ نہ صرف دلکش معلوم ہوتاہے بلکہ دروازے پر لگی سولر لائٹس سے بنے الفاظ کو دیکھ کر آپ کے مہمان بھی حیران رہ ہوسکتے ہیں۔ مین گیٹ پر لگی نمبروں والی سولر لائٹس سے روشنی بھی خوب ہوتی ہے اور اس کے آگے کا راستہ بھی واضح نظر آتا ہے۔
فلڈ لائٹس
کرکٹ میچ دیکھنے والوں کیلئے فلڈ لائٹس کی اصطلاح اجنبی نہیں۔ یہ اتنی مقدار میں روشنی خارج کرتی ہیں جیسے کہ روشنی کا سیلاب آگیا ہو۔ دیگر لائٹس کو آپ اپنی مرضی سے ہٹاسکتے یا لگاسکتے ہیںیا پھر ان میں ترمیم کرسکتے ہیں، لیکن ففلڈ لائٹس ایک بار نصب ہوجائیں تو یہ مستقل لگی رہتی ہیں۔ اسی لئے انہیں سوچ سمجھ کر مناسب مقام پر لگانا ضروری ہے۔ فلڈ لائٹس کیلئے آپ کو بڑا سولر پینل درکار ہوتا ہے تاکہ وہ اتنی شمسی توانائی اپنے اندر جمع کرلے، جو پوری رات ان لائٹس کو آن رکھے۔