برطانیہ میں 10 سالہ بچی سارہ کی ہلاکت کے کیس میں جہلم پولیس نے ملزم عرفان شریف کے 5 بچوں کو تحویل میں لے لیا۔
عرفان شریف سارہ کا والد ہے، وہ 10 سالہ بچی کی لاش ملنے سے ایک دن پہلے اپنی دوسری بیوی بینش، بھائی فیصل شریف اور 5 بچوں کے ساتھ برطانیہ سے فرار ہو کر پاکستان آگیا تھا۔
عرفان شریف، بینش اور فیصل شریف تاحال روپوش ہیں جبکہ پولیس نے جہلم میں ملزم عرفان کے گھر اور دکان کے تالے توڑ کر اس کے 5 بچوں کو تحویل میں لے لیا۔
سارہ کی لاش 10 اگست کو لندن کے مضافات میں ووکنگ کے گھر سے ملی تھی، سارہ قتل کیس میں ملزم عرفان کے گھر اور دکان پر چھاپے مارے گئے۔
ڈی پی او کے مطابق گھر اور دکان کے تالے توڑ کر عرفان کے بچوں کو تحویل میں لیا گیا، تحویل میں لیے گئے بچوں میں نعمان، ازلام، احسان، حنا اور بسمہ شریف شامل ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق سارہ شریف کا ملزم باپ عرفان شریف اب تک روپوش ہے جبکہ سوتیلی ماں بینش اور چچافیصل شریف بھی فرار ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔