• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات میں تاخیر تو ہوسکتی ہے لیکن الیکشن سے بھاگ نہیں سکتے، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ الیکشن میں تاخیر تو ہوسکتی ہے لیکن الیکشن سے بھاگ نہیں سکتے۔

ملتان میں سیداں والا چوک پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ملتان کے عوام الیکشن میں ہمیں ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کر دیا گیا لیکن ہم پھر بھی الیکشن سے نہیں بھاگے، 2018 کے الیکشن کے دوران ہمارے بھائی علی حیدر گیلانی کو اغوا کیا گیا، تب بھی ہم نے کہا الیکشن کرواؤ، ہم انتخابات سے نہیں بھاگتے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان والوں نے ضمنی الیکشن میں زبردست مہم چلائی، جگہ جگہ مقابلہ کریں گے، جیت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن چاہے 90 دن میں ہو، 120 دن میں ہو، ہم الیکشن سے نہیں بھاگتے، ہم وہ لوگ ہیں جو مقابلہ کرنا جانتے ہیں، بھاگتے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سارے صوبوں میں دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے، سیاسی جماعتوں کو جمہوری طریقے سے جواب دیں گے۔ کٹھ پتلیوں کو ہم الیکشن کے ذریعے جواب دیں گے، ہم مل کر محنت کریں گے اور کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے لاہور جانا ہے، سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس ہے، پھر واپس آؤں گا۔

قومی خبریں سے مزید