• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی کو گلگت بلتستان طرز پر ڈرامہ اسٹیج نہیں کرنے دینگے، چوہدری عبدالمجید

  مظفر آباد(صباح نیوز)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہاہے کہ آمدہ انتخابات میں پیپلزپارٹی دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ اقتدار کے خواب دیکھنے والوں کے تمام ارمان ادھورے رہ جائیں گے۔ ن لیگ کی منفی سیاست ایکسپوز ہوچکی ہے۔ ناکامی ن لیگ کامقدر بن چکی ہے۔ مصنوعی بیساکھیوں کے سہارے ن لیگ کو اقتدار دلانے کے تمام منصوبے ناکام بنادیں گے۔۔ آزاد کشمیرکے عوام کا استحصال کرنے والوں کو عوام مسترد کریں گے۔ پیپلزپارٹی ہی عوام عدالت میں سرخروہوگی۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہی ایسی عوامی نظریاتی قوت ہے جو عقیدے اور نظریے پرکبھی کمپرومائز نہیں کرتی۔ عوام کے حقوق کاتحفظ عوام کی ترقی وخوشحالی پیپلزپارٹی کی سیاست کامحور ومرکزہے۔ ہم پارٹی لیڈر شپ کے ویژن کوفروغ دے رہے ہیں اورپارٹی منشور کوعملی جامع پہنا رہے ہیں۔ پارٹی لیڈر شپ نے عوام کے حقوق پرکبھی کمپرومائز نہیں کیا اور عوام کے حقوق کے لیے اپنی زندگیاں قربان کردیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقارعلی بھٹو اورشہیدجمہوریت محترمہ بے نظیربھٹو جنھوں نے پاکستان کے استحکام اورجمہوریت کے فروغ کے لیے جدوجہد کی اور ساری زندگی کشمیریوں سے کمٹمنٹ نبھائی وہ سیاست میں ہمارا رول ماڈل ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو پاکستان کے مستقبل کے وزیراعظم ہیں ۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی میں آزادکشمیرمیں کسی کو دھونس دھاندلی نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی آزادکشمیرمیں کسی کوگلگت بلتستان کی طرز پرڈرامہ سٹیج نہیں کرنے دیں گے۔ آزادکشمیر کوگلگت بلتستان سمجھنے والے سخت غلطی پرہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل وامیدوار اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے وزیرخزانہ چوہدری لطیف اکبر کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ سالوں حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کی اور آزاد کشمیر میں عوامی ،معاشی واقتصادی ترقی کے لئے میگا پراجیکٹس دیئے ۔وزیراعظم نے کہاکہ پیپلز پارٹی عقیدے اور نظریے کی سیاست پرکاربند ہے انسانیت کی فلاح وبہبود ہماری سیاست کا محورومرکز ہے۔ عوامی حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ عوامی حقوق پرکبھی کمپرومائز نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام ہی ہماری طاقت ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ عوام بڑے باشعور ہوچکے ہیں۔کھرے کھوٹے کی پہچان رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی پوری طرح متحد ومنظم ہے پارٹی منشور کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لئے پیپلز پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے اور نہ ہی ہم لوٹا سیاست کرتے ہیں اور نہ ہی لوٹا سیاست کو پسند کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقتدار کے سہانے خواب دیکھنے اور دیکھانے والوں کا یوم احتساب قریب آرہا ہے الیکشن میں ان کا عوامی عدالت میں محاسبہ کرکے ان کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔
تازہ ترین