اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی میں سراغ رساں کتے کی مدد سے منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی کے کارگو سیکشن میں ایک پارسل سے بھاری مقدار میں آئس برآمد ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق 6 کلو 268 گرام آئس میڈیسن اور انجکشنز میں شامل کر کے لاہور بھیجی جا رہی تھی۔
اے این ایف کے ’ڈولی‘ نامی سراغ رساں کتے نے مختلف پارسلز سونگھنے کے بعد ایک پارسل میں منشیات کی موجودگی کی نشاندہی کی، چھان بین کے دوران اس پارسل سے منشیات برآمد ہوئی۔
پارسل بک کروانے اور وصول کرنے والے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف انسانی وسائل کے ساتھ پالتو جانوروں کی مہارت کو بھی انسدادِ منشیات کی کارروائیوں کے لیے بروئے کار لاتی ہے۔