ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر زمان خان ہمت نہیں بلکہ قسمت سے ہار گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے تصدیق شدہ ایکس اکاؤنٹ پر سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف سنسنی خیز آخری اوور سے قبل زمان خان کی جانب سے کی گئی گفتگو سے متعلق ویڈیو شیئر کی گی ہے۔
پی سی بی کی ویڈیو میں قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد گزشتہ روز کے سنسنی خیز میچ کے آخری اوور سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افتخار احمد سری لنکا کے خلاف میچ کے آخری اوور اور بولر زمان خان سے متعلق بتا رہے ہیں کہ بہت مشکل میچ تھا اور جس طرح کی صورتحال میں ہم آ گئے تھے سارے لڑکے پراعتماد تھے۔
افتخار احمد کا بتانا ہے کہ خاص طور پر ون ڈے ڈیبیو کرنے والے زمان خان کا کہنا تھا اگر آخری اوور میں 6 سے 7 رنز بھی ہو گئے تو میں بچاؤں گا۔
کرکٹر افتخار احمد کا کہنا تھا کہ مگر کرکٹ میں اس طرح ہوتا ہے، سری لنکا کو 2 گیندوں پر 6 رنز درکار تھے اور ایج لگ کر چوکا ہو گیا۔
افتخار احمد کا گزشتہ روز کے میچ سے متعلق کہنا ہے کہ میرے خیال میں وہ لوگ کل خوش قسمت اور ہم بدقسمت تھے۔
اپنی بولنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار احمد کا کہنا تھا میں یہاں لنکا پریمیئر لیگ کھیل چکا ہوں، یہاں تھوڑا ویری ایشن کے ساتھ گیند کی جائے تو وہ بلے پر نہیں آتی اور میں نے وہی کوشش کی۔
محمد رضوان کی بیٹنگ کے حوالے سے قومی بیٹر کا کہنا تھا رضوان بہت اچھا کھیلا ہے، اس کے ساتھ ڈومیسٹک اور کلب کرکٹ بھی کھیلی ہے تو ہمیں اندازہ ہے کہ اس طرح کی صورتحال سے کس طرح نکلنا ہے، رضوان سے یہی بات ہو رہی تھی کہ ابھی ٹائم ہے میچ کو تھوڑا اور آگے لے کر جانا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سری لنکا کو کریڈٹ جاتا ہے کہ اُنہوں نے اچھی کرکٹ کھیلی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
سری لنکا سے شکست کے بعد پاکستان ایشیا کپ سے بھی باہر ہو گیا ہے۔